مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حکومت کے مسلسل جرائم کے خلاف کھڑی ہو۔
برونو روڈریگز نے کہا کہ صہیونی فوجیوں کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل روکنا، جبکہ دسیوں ہزار فلسطینی پناہ گزین نامساعد حالات میں زندگی گزار رہے ہیں، ناقابلِ قبول اور مجرمانہ اقدام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ اور نسل کشی کے باعث فلسطینیوں کو خیموں میں پناہ لینے پر مجبور ہونا پڑا ہے، لیکن درجۂ حرارت میں کمی اور شدید بارشوں نے ان کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں خیمے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
کیوبا کے وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حکومت کو اپنے جرائم جاری رکھنے کی اجازت نہ دے۔
دوسری جانب حماس نے بھی گزشتہ روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پٹی میں نسل کشی کی جنگ، بنیادی ڈھانچے اور زندگی گزارنے کے وسائل کی وسیع پیمانے پر تباہی کے باعث انسانی المیہ بدستور جاری ہے۔ موسمِ سرما کی آمد کے ساتھ ہی اس علاقے کے رہائشیوں اور بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں زور دیا کہ قابض اسرائیلی حکومت منظم انداز میں غزہ میں انسانی بحران کو جاری رکھنے اور اسے مزید سنگین بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تحریک کے مطابق، جاری نسل کشی کی جنگ کے تحت اسرائیل اس بحران کو مزید گہرا اور طویل کرنا چاہتا ہے تاکہ فلسطینی عوام کے عزم کو توڑا جا سکے اور اس علاقے میں زندگی کے باقی ماندہ وسائل بھی تباہ کردیے جائیں، حالانکہ جنگ بندی کا معاہدہ طے پاچکا ہے۔
آپ کا تبصرہ